اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ امریکی صدر باراک اوباما کو اپنی کار اور سیکورٹی بیڑےکے ہمراہ تاریخی تاج محل دیکھنے کی اجازت نہيں مل سکی۔ ہندوستان کی ریاست اترپردیش کی حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم نامے کے تحت جس میں کسی بھی سیاح کو اپنی گاڑی سے تاج محل کے اندر جانے کی اجازت نہيں ہے، اوباما کو ان کی ہتھیار بند کار کے ہمراہ تاج محل کے مشرقی دروازے سے اندر داخل ہونے کی اجازت نہيں دی۔ ہندوستانی اخبار انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق اوباما کی سیکورٹی پر مامور امریکی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ وہ اوباما کو بیٹری سے چلنےوالی گولف کارٹ میں تاج محل کا دورہ نہيں کراسکتے۔ امریکی صدر کے سیکورٹی اہلکاروں کا کہناہے اس کارٹ میں امریکی صدر کی سیکورٹی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ امریکی سیکورٹی ایجنسیوں کا اصرار تھا کہ اوباما کو انکی بم پروف کار اور ان کی سیکورٹی کے بیڑے میں شامل الکٹرانیک سیکورٹی آلات سے لیس پچاس گاڑیوں کو بھی تاج محل کے اندر جانے کی اجازت دی جائے۔ اطلاعات ہيں کہ اوباما کے آگرہ دورے کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے آگرہ میں پہلے سے تعینات امریکی سیکورٹی دستے بھی اب آگرہ سے واپس لوٹ گئے ہيں۔ دوسری جانب امریکی حکومت نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں صدر اوباما ہندوستان کا اپنا دورہ مختصرکرکے ستائیس جنوری کی صبح سعودی عرب کے لئے روانہ ہوجائيں گے۔ امریکی صدر اوباما ہندوستان کے دورے کے لئے واشنگٹن سے روانہ ہوچکے ہيں جہاں وہ چھبیس جنوری کو یوم جمہوریہ کی تقریبات میں خصوصی مہمان بھی ہوں گے۔ اوباما کے دورہ ہندوستان پر اس ملک کی مختلف جماعتوں اور تنظیموں نے احتجاجی مظاہرے کئے ہيں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲